حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے تلرزو بانڈی پورہ میں حسب عمل قدیم مجلس حسینی کا انعقاد ہوا مجلس عزا میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی تنظیم سے وابستہ مرکزی ذاکرین کرام نے مرثیہ خوانی کی نماز ظہرین حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی کی اقتدا میں ادا کی گئی بعد ازان آغا سید مجتبیٰ کی نظارت میں حسب روایت قدیم جلوس علم شریف بر آمد کیا گیا جو آستان شریف میر دانیال ؒ میں اختتام پزیر ہوا۔
مجلس حسینی سے خطاب کرتے ہوئے آغا مجتبیٰ نے اسیران کربلا ؑ کے کردار و عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی اور معرکہ کربلا کے بعد دربار یزیدی تک اسیران کربلا ؑ کے ساتھ پیش آئے جگر سوز حالات و واقعات بیان کئے۔
انہوں نے کہا کہ خون شہدا کے وارث ہونے کے ناطے اسیران کربلاؑ نے حضرت امام سجاد ؑ کی سرپرستی میں جس کردار و عمل کا مظاہرہ کیا اس نے جبری خلافت کی بنیادوں کو ہمیشہ کے لئے ہلا کر رکھ دیا، پھر کسی بھی حکمران نے اہلبیت نبوی ؑ سے بیعت کا تقاضا نہیں کیا بلکہ ہر حکمران نے در پردہ سازشیں رچا کر ائمہ معصومین ؑ کو درجہ شہادت پر پہنچایا ۔